ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرڈیشور : ایم ایل اے سنیل نائک کی قیادت میں مرڈیشور کے متنازع میدان میں چلائی گئی صفائی مہم - شمشان کے لئے کمپاونڈ تعمیر کرنے کا اعلان

مرڈیشور : ایم ایل اے سنیل نائک کی قیادت میں مرڈیشور کے متنازع میدان میں چلائی گئی صفائی مہم - شمشان کے لئے کمپاونڈ تعمیر کرنے کا اعلان

Mon, 06 Jun 2022 19:39:03    S.O. News Service

بھٹکل  6/ جون (ایس او نیوز)  تعلقہ کے مرڈیشور نیشنل کالونی میں  واقع متنازع میدان میں رکن اسمبلی سنیل نائک کی قیادت میں بی جے پی منڈل کارکنان نے جے سی بی کی مدد سے پولیس کی رہنمائی میں صفائی مہم چلائی ۔

    خیال رہے کہ اس زمین کے تعلق سے دو فرقوں کے درمیان کئی برسوں سے تنازع چل رہا ہے ۔ ہندو طبقہ اسے شمشان کے لئے سرکار کی طرف سے منظور شدہ  زمین قرار دیتا ہے جبکہ   مسلمانوں کی مکمل آبادی والے اس علاقہ میں موجود میدان کو مسلمان اپنی   ملکیت  قرار دیتے ہیں۔   جس کی وجہ سے اکثر یہاں پر کشیدگی پیدا ہوتی رہی  ہے ۔ 

    اس میدان میں جمع کچرے کے ڈھیر کو ہٹانے کے نام پر شمشان کے تعلق سے تعمیری سرگرمیوں پر دوسرے طبقہ کی طرف سے اعتراض کے بعد سینئر پولیس افسران کی رہنمائی اور بندوبست کے ساتھ  اتوار کے دن صبح 7 بجے سے یہاں صفائی مہم چلائی گئی ۔

    اس موقع پر بات کرتے  ہوئے بی جے پی کی ٹکٹ پر جیت درج کرنے والے بھٹکل  ایم ایل اے سنیل نائک نے کہا کہ کئی برسوں سے یہاں شمشان کا تعمیری کام تنازع کا شکار ہوگیا ہے ۔ اس سے پہلے کسی نا معلوم  ہاتھ  کے ذریعے اس زمین کے دستاویز سے شمشان کا اندراج ہٹانے کی کوشش کی جا چکی ہے ۔ حکومت کی طرف سے شمشان کے لئے 4 ایکڑ 21 گُنٹہ زمین منظور کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں  اس  میدان کے اطراف کمپاونڈ تعمیر کیا جائے گا ۔ اسی طرح  یہاں کچرا پھینکنے یا کچروں کا  ذخیرہ کرنے کا موقع  دینے پر متعلقہ  افسران کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے حکومت کو لکھا جائے گا ۔ 

    اس مہم کے موقع پر بی جے پی منڈل جنرل سیکریٹری بھاسکر دئیمنے ، سابق صدر راجیش نائک ، دنیش نائک ، کرشنا نائک مرڈیشور ، سنتوش نائک ، جٹپا نائک ، کمار نائک ، ایشور ڈوڈمنے ، بھٹکل بی جے پی یووا مورچہ صدر مہیندرا نائک وغیرہ موجود تھے ۔


Share: